اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ساحلی علاقوں میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور25 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح کیا۔ اس جدید ہسپتال کے قیام کا مقصد جوانوں کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو بھی معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کے تربت پہنچنے پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے ان کا استقبال کیا۔ سربراہ پاک بحریہ کو یونٹس اور وہاں تعینات جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے بات چیت کی اور آپریشنل و جنگی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے موجودہ چیلنجنگ صورت حال میں ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے میں جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔ نیول چیف نے ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ساحلی علاقے میں رہنے والوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
تربت : نیول چیف نے اگلے مورچوں کا دورہ کیا : سا حلی علاقوں کی ترقی یقینی بنانے کا عزم
Feb 03, 2023