پشاور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے غلام علی نے تحریک انصاف کو الیکشن کی تاریخ کیلئے صبر کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ پشاور میں نیوز کانفرنس کے دوران گورنر خیبر پی نے کہا کہ جس وقت ہم جنازوں کو کندھا دے رہے ہیں وہ کہتے ہیں الیکشن کی تاریخ دو۔ غلام علی نے کہا کہ امن و امان اور معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ الیکشن کمیشن فیصلہ کرنے سے پہلے آئی جی پولیس اور اداروں سے مشورہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان پر مشورے کے بعد الیکشن کمشن کا فیصلہ سب مانیں گے۔ ایک سیاسی جماعت ریاست کی مشکلات کو سمجھنے پر تیار نہیں۔کہا جا رہا ہے گورنر الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے، میں نے الیکشن کمیشن کو خط میں واضح لکھا ہے کہ آئین کے مطابق الیکشن کروائیں۔ گورنر نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست ریاست کے بارے کرنا غداری سے بھی بڑا جرم ہے، 6 ماہ سے سڑکوں پر پھر رہے تھے کہ استعفے منظور کرو، جب استعفے منظور ہو گئے تو دھرنے دینے لگے، آپ براہ راست سڑکوں پر فورسز کو ٹارگٹ بناتے ہو، آپ قوم کے ذہنوں میں فورسز کے خلاف نفرت بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ وزیر اعظم تھے اور آپ کی حکومت تھی اس وقت پورے شہر سے آپ ہارے، پشاور میں 7 میں سے 6 میئر دیگر جماعتیں جیتی تھیں، الیکشن ہوں گے اور مزید بھی ہوں گے، اس وقت ریاست خطرے میں ہے، اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔ پی ٹی آئی پولیس کی قربانیوں پر سیاست کر رہی ہے، ریاست کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہو گا۔
ہم جنا زوں کو کندھا دے رہے ہیں ، پی ٹی آٗی کہتی ہے انتخابات کرائو الیکشن کمشن پہلے اداروں سے مشورہ کرے
Feb 03, 2023