اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی، وزارتِ مکانات و تعمیرات کی کوششیں رنگ لے آئیں، سوڑیئزی ہاﺅسنگ اسکیم میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ، فریقین کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوڑیئزی ہاﺅسنگ اسکیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے پشاور میں فیصلہ کن جرگہ منعقد ہوا ۔کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت جرگہ میں ایم ڈی پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی محمد شاہد حسین، سیکرٹری پرونشل ہاوسنگ اتھارٹی ڈاکٹر عنبرعلی خان، ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان، ، ڈائریکٹر جنرل پرونشل ہاوسنگ اتھارٹی روشن محسود، کلیکٹر پرونشل ہاوسنگ اتھارٹی شفیق آفریدی اور اہلیان ٹیلہ بند اور اہلیان سوڑیئزی کے عمائدین اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فارمولے پر اتفاق کیا گیا،جس کے مطابق قابضین نے 5800 جریب زمین کا قبضہ ازخود حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان کیا جبکہ حکومت کی جانب سے ہاﺅسنگ اسکیم میں کلاس فور کی تمام آسامیوں پرعلاقے کے لوگوں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مذکورہ موضع پر انتقالات پر عائد پابندی ختم کرنے اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا گیا۔