پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کیخلاف غیراخلاقی الفاظ کا استعمال کرنے پر عوامی مسلم لیگ کے گرفتار سربراہ شیخ رشید کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کے خلاف کراچی موچکو تھانے میں مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ شیخ رشید کو آج ہی کراچی منتقل کیا جائے گا، موچکو پولیس شیخ رشید کو لانے کے لئے اسلام آباد پہچ گئی ہے۔شیخ رشید کے خلاف مقدمہ 40/2023 درج ہے. مقدمہ خدا بخش کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔کراچی موچکو تھانے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ایف آئی آر میں دھمکیاں دینے، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور خونریزی پھیلانے کی سازش سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، ایف آئی آر میں دفعہ 506، 504، 500 اور 153 شامل کی گئی ہے۔شیخ رشید کے خلاف مقدمہ پیپلز پارٹی، پی ایس 112 کے سنیئر نائب صدر خدا بخش کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ اپنے دفتر میں بیٹھا ہوا تھا، سوشل میڈیا پر دیکھا کہ شیخ رشید نے پولی کلینک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما کے لئے غلیظ زبان استعمال کی۔ایف آئی آر کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو کے لئے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کیے.شیخ رشید کا بیان سن کر پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں اشتعال پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد سڑک پر نکل آئی۔ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا کہ میں نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مشتعل افراد کو بڑی مشکل سے روکا۔ جان بوجھ کر امن و امان خراب کرنے، تصادم اور خونریزی اور اشتعال پھیلانے کے لئے سازش کی گئی۔
بلاول بھٹو کیخلاف غیراخلاقی الفاظ کا استعمال، شیخ رشید پر کراچی میں مقدمہ درج
Feb 03, 2023 | 18:02