مہنگائی،30 ہزار روپے تک آمدن والا طبقہ زیادہ متاثر،12 اشیا مہنگی

اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ )  ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے باوجود چکن، پٹرول، ڈیزل اور گوشت سمیت دیگر 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار اعداد وشمار کے مطابق ملک میںدو ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے تاہم مہنگائی میں انتہائی کم شرح سے کمی واقع ہو رہی ہے، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصدکمی ہوئی اور سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی کم ہوکر39.45 فیصد کی سطع پر آگئی ہے۔ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 17کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران پٹرول، چکن ، سپیڈ ڈیزل ، انرجی سیور ، دال مونگ، مٹن ، بیف فیصد اور گڑ کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب آلو ، ٹماٹر ، پیاز، کوکنگ گھی ، انڈے، ایل پی جی، دال مسور اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی کا حامل طبقہ زیادہ متاثر ہوا اور مذکورہ طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 43.58 فی صد رہی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر ساڑھے17 ہزار روپے ماہانہ تک آمدن والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 32.79 فیصد اور 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدن والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 37.66 فیصد رہی۔اسی طرح  29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدن والوںکے لیے مہنگائی کی شرح 43.58فیصد، 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنوالے کے لیے مہنگائی کی شرح 40.78 فیصد اور44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدن  والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 37.33 فیصد رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن