لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) سابق مشیر وزیر اعلی سندھ اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کے صاحب زادے عمر رحمن ملک نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد ہی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔ عوامی معاشی معاہدہ اگلے 30 برس کے لیے ہے۔ یہ معاہدہ نوجوان نسل کے لیے نئی راہیں متعین کرے گا۔ وہ ٹاؤن شپ میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل، سحر کامران، احسن رضوی اور ذیشان شامی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اداروں کو منافع بخش بنا سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا کہ طلباء مزدور اور محنت کش طبقہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو وزیر اعظم بن کر اس منشور کے ذریعے انقلاب برپا کریں گے۔ نوجوان نسل کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔ دیگر جماعتوں کے پاس قابل عمل منشور نہیں۔ سحر کامران نے کہا کہ ہمارے منشور کے دو حصے ہیں۔ اول اندرونی مسائل اور دوسرا عالمی مسائل سے نبٹنے کا ہے۔