پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تباہ کرنے والے مکافات عمل کا شکار ہیں، انہیں اپنا خود احتساب کرنا ہوگا۔ ٹانک میں جلسے میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت سیاسی مخالفین کے ساتھ تعصب نہیں کرتی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں ان کا مقابلہ کروں، مزہ نہیں آئے گا، آزاد ہوتے تو بات کرتا۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی عمارت کو تباہ کیا گیا، اب کہتے ہیں ٹھیک نہیں کرسکتے، کیسے ٹھیک کریں؟ عمارت گرے گی تو دوبارہ بنے گی۔ دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیر احمد احرار نے کہا ہے کہ ہمارے امیدواروں کو حبس بے جا میں رکھ کر الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، فلیکسز اور بینرز پھاڑے جارہے ہیں، الیکشن کمشن اور ادارے ہمارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل رحمن نے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے، الیکشن میں ہم عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں کہا کہ 8 فروری کو عوام نے حق سچ کا ساتھ دینا ہے، ووٹ قوم کے مستقبل کا فیصلہ کرتا ہے، عوام کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو حق ہے کہ وہ اپنا نظریہ قوم کے سامنے رکھیں، ہر سیاسی جماعت کا اپنا اپنا نظریہ ہے، ہم نے ہمیشہ تحمل اور استقامت سے سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں بدامنی کیوں ہے؟ کیوں کہا جارہا ہے کہ الیکشن مہم نہ چلائیں آپ کی جان کو خطرہ ہے، پاکستان کی عمارت کو ہلایا گیا اب کہتے ہیں آپ ٹھیک نہیں کرسکتے، ملکی معیشت کو تباہ کردیا گیا، معیشت کو تباہ کرنے والے اپنا احتساب خود کریں۔
ملک تباہ کرنے والے مکافات عمل کا شکار، انہیں اپنا خود احتساب کرنا ہوگا: فضل الرحمن
Feb 03, 2024