فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والے اب کہاں ہیں۔ کیا کسی کو گھر ملا؟ کیا بے روزگاری ختم ہوگئی؟ ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں۔فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا کسی کو گھر ملا؟ جلسے میں موجود کوئی ایک شخص ہاتھ اٹھادے جسے گھر ملا ہو؟ ہم بلین ٹری والے نہیں ہیں، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرنا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔ یہ یوتھ ممی ڈیڈی والی نہیں اصلی یوتھ ہے۔ کہتے ہیں یہ یوتھ کسی اور کے ساتھ ہے، نہیں یہ یوتھ ن لیگ کے ساتھ ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں بس یہ کہوں گا فیصل آباد زندہ باد۔ یہاں ہر بندے کے پاس روزگار ہونا چاہے۔ شہباز شریف صاحب! پانچ سال بعد یہاں کوئی بے روزگار نظر نہیں آنا چاہیے، شہاز صاحب آپ نے صرف میٹرو پر ٹرخا دیا، یہاں میٹرو بس ہی نہیں بلکہ اورنج لائن بس بھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کے دائیں اور بائیں موٹر وے ہیں اور آپ کو کتنی موٹر وے چاہئیں؟ آپ نہیں بھی کہیں گے تب بھی ہم بنائیں گے، حکومت میں آکر روٹی، گیس، پیٹرول، چینی اور آٹا سستا کریں گے۔مجھے دوست چوہدری شیر علی نظر نہیں آرہے، آپ نے ان کی لاج رکھنی ہے، طلال چوہدری وفا کی مثال ہیں، رانا ثنامیرے وفادار، بہترین دوست ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان آٹھ فروری کو شیر پر ٹھپہ لگائیں اور تعلیم کا انتظام کریں۔آج کا ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ عوام کی محبت نواز شریف کے ساتھ ہے، نواز شریف نے فیصل آباد کو ہمیشہ اپنا شہر سمجھا اور ترقیاتی منصوبے لے کر آئے، وہ سڑکیں آج بھی قائم ہیں جو ہم نے یہاں بنائی تھیں۔ نوجوان اور بچے ملک کی طاقت اور سرمایہ ہیں، نوجوانوں کے لیے تعلیم کا انتظام کریں گے، نوجوان 8 جنوری کو شیر پر مہر لگائیں اور تعلیم کا انتظام کریں۔ ن لیگ فیصل آباد کے عوام کے لیے یہاں آئی ٹی یونیورسٹی بناکر دے گی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکیم رانا ثنااللہ نے ایسا علاج کیا اور ایسی حکمت دکھائی کہ نہ بیمار نظر آتا ہے اور نہ بیماری نظر آرہی ہے، نہ مرض نظر آتا ہے اور نہ ہی مریض نظر آتا ہے۔ مسلم لیگ(ن) بدتمیزی کا مقابلہ نہیں کرتی، بدتہذیبی کا جواب نہیں دیتی، مسلم لیگ (ن) گالی گلوچ نہیں کرتی، الزامات کی سیاست نہیں کرتی، کسی کو چور چور نہیں کہتی، مسلم لیگ (ن) اگر مقابلہ کرتی ہے تو خدمت میں مقابلہ کرتی ہے۔ خدمت اور کارکردگی میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکر کا کوئی نہیں ہے اور مسلم لیگ خدمت پر یقین رکھتی ہے۔جلسے میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی لیکن پلے کارڈ پر لکھا ہوا ہے کہ نواز شریف کو حکومت سے تین بار نکالا گیا ، آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہو۔