اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی حکومت کی شاندار معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔ذرائع وفاقی وزارت تجارت کے مطابق ستمبر 2023 ء سے جنوری 2024ء تک پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔واضح رہے کہ جولائی اور اگست 2023ء میں سالانہ بنیادوں پر ملکی برآمدات کو دھچکا لگا تھا جس کے بعد نگران حکومت نے بہترین معاشی اقدامات اٹھائے جس کی بدولت اب مجموعی طور پر برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ہر ماہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔یاد رہے کہ ستمبر 2022 ء میں ملکی برآمدات 2 ارب 44 کروڑ ڈالر تھیں اور ستمبر 2023ء میں برآمدات بڑھ کر 2 ارب 47 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔اسی طرح اکتوبر 2022ء میں برآمدات 2 ارب38 کروڑ ڈالر تھیں جو اکتوبر 2023ء میں بڑھ کر 2 ارب 69 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں اور نومبر 2022ء میں برآمدات 2 ارب 39 کروڑ ڈالر تھیں جو ایک سال کے دوران نومبر 2023ء میں بڑھ کر 2 ارب 57 کروڑ ڈالر ہو گئیں۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر 2022 میں ملکی برآمدات 2 ارب 31 کروڑ ڈالر تھیں جو دسمبر 2023ء میں 2 ارب 81 کروڑ ڈالر ہو گئیں اس طرح جنوری 2023ء میں ملکی برآمدات 2 ارب 19 کروڑ ڈالر تھیں جو جنوری 2024ء میں ایک بار پھر بڑھ کر 2 ارب 78کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔حکام وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ جنوری میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں تقریباً 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔علاوہ ازیں وزارت تجارت کے حکام نے امید کی کرن جگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو 9 سینٹ ٹیرف پر بجلی کی فراہمی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں جس سے ملکی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے گا۔