اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے آسٹریا‘ بیلجیئم کے ہم منصبوں اور یورپی یونین کے نمائندہ سے برسلز میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان‘ آسٹریا تعلقات‘ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے علاقائی‘ عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بیلجیئم کی وزیر خارجہ حدجہ لہبیب سے ملاقات میں پاکستان بیلجیئم دوطرفہ تعلقات کا جائزہ اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران تجارت، تعلیم، عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ تیسرے انڈو پیسیفک وزارتی فورم کے موقع پر یورپی یونین کے خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزپ بوریل فونٹیلس سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں انہوں نے عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تنازعات کو حل کرنے میں سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ملاقات کے دوران سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان (2019)کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔