راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے ریجنل میری ٹائم پٹرول کے دوران سری لنکا کی بندرگاہ کولمبو کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ کے افسران اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ پی این سیف کے کمانڈنگ آفیسر کی سری لنکن بحریہ کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز نے سری لنکن بحریہ کے ہمراہ مشترکہ بحری مشق میں شرکت کی۔