حیدر آباد (بیورو رپورٹ) تنظیم فلاح و بہبود برائے معذورین، حیدرآباد اور کولیشن فار انکلوسو پاکستان کی جانب سے مقامی ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ایس 62 سے نامزدر کردہ ایم کیو ایم پاکستان کے صابر قائم خانی نے شرکت کی۔فورم میں افراد باہم معذوری کو ووٹ ڈالنے کے عمل میں درپیش مشکلات اور سماجی اور سیاسی عمل میں ان کی موثر شمولیت کے حوالے سے گفتگو کی گئی ، سی آئی پی پروجیکٹ کوآرڈنیٹر عبد المتین خان کی جانب سے افراد باہم معذوری کی طرف سے کیے جانے والے مطالبات (چارٹر آف ڈیمانڈ) صابر احمد کو پیش کیے گئے۔اس موقع پر صابر قائم خانی نے کہا کہ الیکشن کمشن معذورین کوووٹ ڈالنے میں درپیش مشکلات حل کرے اس سلسلے میں انتخابات سے قبل ہی وہ الیکشن کمیشن پاکستان سے اپنے طور پر فی الفوررابطہ کرکے ووٹ ڈالنے کے عمل میں متوقع مشکلات کے حل کے لیے بھر پور کوشش کریں گے اور منتخب ہونے کے بعد افراد باہم معذوری کے جملہ پیش کردہ مطالبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی جماعت کے منشور کا باقاعدہ حصہ بھی بنائیں گے تاکہ افراد باہم معذوری بھی انتخابی عمل میں سہولت کے علاوہ معاشرے میں اپنا جائز مقام اور حق حاصل کرسکیں۔موقع پر موجود تنظیم فلاح و بہبود برائے معذورین، حیدرآباد کے صدر، عمران اختر نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ہینڈز انڈپنڈنٹ لیونگ سینٹر کے پروجیکٹ منیجر لعل محمد بلوچ نے کہاکہ اس عزم کا عاادہ کیا کہ بہت جلد افراد بامعذورین اسمبلیوں میں نظر آئیں گے اور ملک کی تعمیروترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔جبکہ پروجیکٹ کوآرڈینٹر عبدالمتین خان، سوشل موبلائزر مدثر خان ، سعید خان، شیریں شیخ اور ظہور الٰہی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اسپیشل افراد جلد اسمبلیوں میں نمائندگی کریں گے، لعل محمد بلوچ
Feb 03, 2024