سجاول (نامہ نگار)سجاول میں کھانا پکانے کی اوقات میں گیس بند رہنا معمول بن گیا، عوام متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ ایک طرف گیس کے بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں تو دوسری جانب سجاول میں سئی سدرن گیس انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کھانا پکانے کی اوقات میں گیس بند کردینا معمول بن چکا ہے۔ جس کے باعث گھروں میں خواتین کو انتہائی دشواری کا سامنہ کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس کی قلت کے باعث شہری متبادل ایندھن ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو مہنگائی نے دو وقت کے کھانے سے محروم کر دیا ہے تو دوسری طرف گیس کے بھاری بلو ں نے بھی زندگی عذا ب بنا رکھی ہے، اب کھانا پکانے کی اوقاتِ میں گیس بند رکھ کر اذیت میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے سجاول میں گیس کی بے وقت کی بندش کا نوٹس لیا جائے اور کم سے کم کھانا پکانے کی اوقاتِ میں گیس مہیا کی جائے۔ دوسری جانب گیس کی قلت کے سلسلے میں سئی سدرن گیس سجاول کے آفیسر اقبال احمد کرنانی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اوپر سے گیس پریشر میں کمی ہوجاتی ہے جس کے باعث گیس نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ حل کرنا ہمارے بس سے باہر ہے۔