کراچی ‘ الیکشن کمیشن آفس کے باہرمعمولی نوعیت کا دھماکا‘ دیوار متاثر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )  شہر قائد میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہرمعمولی نوعیت کا دھماکا ہوا ہے جس میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق صدر میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر مغرب کے بعد زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز صدر اور اطراف کے علاقوں میں سنی گئی۔پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ الیکشن کمیشن آفس کی دیوار متاثر ہوئی ہے۔  جس لڑکے نے شاپر رکھا اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔  ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر رکھا گیا تھا، رش نہ ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقام کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کیلیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکے میں 500 گرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا تخریب کاری ہے جو ممکنہ طور پرخوف و ہراس پھیلانے کیلئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بم ڈسپول اسکواڈ نے تصدیق کی ہے کہ بارودی مواد کم مقدار میں تھا، کوئی بال بیئرنگ یا دوسری نقصان پہنچانے والی چیز نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں اور بھی دیگر مقامات سیکیورٹی الرٹ ہے، اس جگہ کے حوالے سے سیکیورٹی خطرات نہیں تھے اور نہ یہ کوئی حملہ ہے۔دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔

ای پیپر دی نیشن