اسلام آباد(این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاک امریکہ دو طرفہ تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لئے قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں منافع بخش کاروباری منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو نہ صرف سہولت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ ان کو معیشت کے تمام شعبہ جات خاص طور پر آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات میں پرکشش مراعات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔سفیر پاکستان نے یہ بات چیئرمین وقار علی خان کی قیادت میں پاکستان امریکن چیمبر آف کامرس کی قیادت سے ورچوئل ملاقات کے دوران کہیں۔ چیمبر کے دیگر ممبران میں ڈاکٹر ثنا خان، فواد اسماعیل، زبیر راؤ، مقصود چوہدری، ڈاکٹر صلاح الدین اور مسٹر فرخ شامل تھے۔ملاقات میں لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان اور تجارتی و سرمایہ کاری کی قونصلر قرۃ العین فاطمہ بھی موجود تھیں۔تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور پاک امریکہ کاروباری برادری کے مابین روابط بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکہ بھر میں کام کرنے والے مختلف چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ روابط اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پی اے سی سی قیادت کو تاکید کی کہ وہ کاروباری وفود کے پاکستان کے دوروں کا اہتمام کریں اورپاک-امریکی تاجر برادری کے سامنے پاکستان میں موجودہ مواقع کو اجاگر کریں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکی بزنس کمیونٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ان کو منافع بخش کاروباری مواقع میسر آئیں گے بلکہ اس طرح وہ اپنی مادر وطن کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی حصہ ڈالیں گے۔چیئرمین پی اے سی سی جناب وقار علی خان نے سفیر پاکستان کو چیمبر کی مختلف سرگرمیوں خصوصاً صحت، خوراک اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
پاک امریکہ دوطرفہ تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے، مسعود خان
Feb 03, 2024