صنعاء+ لندن (این این آئی)یمن میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں پر امریکہ اور برطانوی جنگی طیاروں نے حملے کئے ، یمنی علاقہ حجہ میں 7 مقامات پر بمباری کی گئی۔ دوسری طرف یمنی حوثی گروپ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی طرف جانے والے جہازوں کو نشانہ بنانا جاری رکھیں گے۔ حوثیوں کے رہنما عبدالمالک الحوثی نے ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل جانے والے کسی بھی بحری جہاز کو نشانہ بنانے کے لیے گروپ کی تیاری بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ خود کو ایک مخمصے میں ڈال چکے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ بحیرہ احمرکے مشن میں امریکی اور برطانوی ناکامی کی ایک علامت واشنگٹن کی جانب سے چین سے ثالثی کی درخواست کرنے کی کوشش تھی۔ الحوثی گروپ نے کہا کہ اسرائیل کے لیے اقوام متحدہ کا رکن ہونا شرمناک ہے۔ یہ سچائی اور انصاف کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی عوام میں غزہ کے لئے آوازیں اٹھانے لگے ہیں۔ علاوہ ازیں برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے بیروت میں لبنانی وزیرِ اعظم نجیب میقاتی کے ساتھ گفتگو میں لبنان اسرائیل سرحد پر امن کی طرف واپسی کی اپیل کی ہے۔ میقاتی نے کیمرون سے کہاکہ لبنان خطے میں پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔