لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان اور بھارت کی ٹینس ٹیمیں ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی میں آج ہفتہ سے مدمقابل ہونگی۔ اسلام آباد میں ڈیوس کپ میچ ڈرازکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے، ہماری کرکٹ ٹیم بھارت گئی اور بھارتی ٹینس ٹیم پاکستان آئی ہے جو خوش آئند بات ہے ۔امید ہے بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیگی۔بھارت ایک مضبوط ٹیم ہے، ڈیوس کپ ٹائی میں حریف ٹیم سے سخت مقابلہ ہوگا، پاکستانی ٹیم کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے، بھارتی ٹیم گراس کورٹ پر اچھا کھیلتی ہے، اس وقت ہماری پوری توجہ ڈیوس کپ پر ہے۔اس بار ہماری تیاری اچھی ہے ، کم بیک کریں گے اور جیتیں گے ، ہماری ٹیم انڈین ٹیم سے نمبر میں پیچھے ہے لیکن قوم کی دعائوں کیساتھ اس بار جیت ہماری ہوگی۔ گزشتہ سالوں میں آنے والی تمام ٹیمیں ہم سے مضبوط تھیں، ہم نے ماضی میں مضبوط ٹیموں کو ہرایا ہے، گراس کورٹس کا ہمیں ایڈوانٹیج ہو گا، ضرورت پڑی تو سنگلز میچ بھی کھیلوں گا۔عقیل خان نے کہا کہ رینکنگ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، بھارت سے مقابلے کیلئیے ہماری تیاری مکمل ہے، اچھی ٹینس کھیلنے کی کوشش کریں گے۔اعصام الحق نے کہا کہ ڈیوس کپ ٹائی کے حوالے پاکستان میں اتنی بڑی پریس کانفرنس نہیں دیکھی۔ عقیل خان نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان میں ٹینس کی اکیڈمی قائم کریں۔ ہمیں پورے پاکستان کیلئے ٹینس کا پروگرام چاہیے۔ عقیل خان نے کہا کہ پرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم ٹائی جیت جائیگی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوے بھارتی ٹینس ٹیم کے کوچ ذیشان علی کا کہنا تھا کہ ڈیوس کپ میں پاکستان سے بہت سخت مقابلہ ہوگا، 60سال پہلے بھارتی ٹیم ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی ، یہ نیا مقابلہ ہے اور ہم اسے جیتنا چاہتے ہیں، انڈین ٹیم جب سے پاکستان آئی ہے ہمارا بہت خیال رکھا گیا ہے، ہم پاکستان کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہیں، ہم ٹینس کھیلنے کے علاوہ اسلام آباد گھومنا بھی چاہتے ہیں ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کا دو روزہ مقابلہ آج اور کل پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائیگا۔
ڈیوس کپ ٹائی، پاکستان، بھارت آج مدمقابل، جیت کیلئے پرعزم ہیں: محمد عابد، اعصام الحق، عقیل خان
Feb 03, 2024