پاشا کوتیسری ڈی سی او جنرل اسمبلی میں مبصر کا درجہ مل گیا 

بحرین (کامرس ڈیسک ) پاکستان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک غیر معمولی اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا ،پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن کو باضابطہ طور پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی تیسری جنرل اسمبلی میں مبصر کا درجہ دیدیا گیا ۔ ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی تیسری جنرل اسمبلی کا انعقاد بحرین میں ہوا جس میں پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے نمائندگی کی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سوفٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن اب عالمی سطح پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے 33 مبصرین میں سے ایک ہے اور اس غیر معمولی کامیابی کے حصول سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اور آئی ٹی سروسز کی خدمات کی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ زوہیب خان نے کہا کہ ڈیجیٹل کوارڈی نیشن آرگنائزیشن ایک کثیرالجہتی عالمی ادارہ ہے جس کا مقصد تمام رکن ممالک کے لیے پائیدار اور جامع ترقی کو تیز کر کے ان کی ڈیجیٹل معیشت کو فعال اور ڈیجیٹل دور میں معیشتوں کو درپیش چیلنجوں میں تعاون اور سہولیات فراہم کر نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے آغاز اور آئی ٹی کو اس کے فوکس ایریاز میں سے ایک بنانے سے پرائیویٹ سیکٹر کو دنیا بھر سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے قابل بنایا ہے۔ ہماری تجویز ہے کہ مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں اور ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دیا جائے کیونکہ پاکستان کو اب ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ایکسپورٹر کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف نے نجی شعبے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیک لینڈ سکیپ میں متعدد بین الاقوامی فورمز پر اپنی رسائی کی کوششوں کا حصہ بنایا ہے جس سے ہمیں دنیا میں آئی ٹی انڈسٹری روابط قائم کرنے میں مدد ملی ہے ۔سعودی عرب، قطر، کویت، بحرین، عمان اور اردن کے علاوہ مختلف خطوں کے بہت سے اہم ممالک ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے ممبر ہیں جن میں سے خلیجی ممالک خاص طور پر ہمارے لئے انتہائی مددگار ثابت ہوں گے کیونکہ ان ممالک میں پاکستان سے آئی ٹی خدمات بہت بڑی مانگ ہے ۔

ای پیپر دی نیشن