آئی ایم ایف معترف، معیشت پٹری پر چڑھ گئی،ملک بوستان

کراچی(کامرس رپورٹر)ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمدبوستان نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے حوالے سے مثبت امیدیں رکھی ہونگی،آئی ایم ایف پہلی بار پاکستان کی تعریفیں کررہا ہے،نگراں حکومت نے اچھے فیصلے کئے ہیں،ہماری معیشت جو پٹری سے اتر چکی تھی وہ دوبارہ پٹری پر چڑھ چکی ہے،حالات مجموعی طور سے بہتری کی جانب جارہے ہیں اور آنے والی حکومت بھی معاشی ٹرین کو دوڑائے گی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں کیونکہ پاکستان نہ صرف پوری دنیا بلکہ اسلامی ممالک کے لئے انتہائی اہم ہے،انتخابات کے حوالے سے اب کسی شک وشبہ کی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے حوالے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور اب صرف میدان کا سجنا اور پولنگ کا عمل  باقی ہے، اورانتخابات کے بعد جو بھی حکومت بنے لیکن انشااللہ اب پاکستان معاشی طور پر بلندیوں کی جانب جائے گا۔ملک بوستان نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی تعریفیں شروع کردی ہیں،اسٹاک بلندیوں کی جانب گئی ہے،پاکستان کے حوالے سے مثبت خبریں ہیں اور ہمیں آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنا چاہیئے جنہوں نے ملکی معاشی سلامتی کو مضبوط تر بنانے کیلئے خود ہی  امریکا،چائنا،دوست ممالک سمیت بیرون ممالک کے دورے کئے ہیں اور یہی کہا ہے کہ پاکستان کو  قرضے نہ دیئے جائیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی جائے اور توقع یہی ہے کہ جو معاہدے ہوئے ہیں تو نئی حکومت کے بننے کے بعد مارچ یا اپریل پاکستان کیلئے خوش خبریوں کا مہینہ ہوگا۔ملک محمدبوستان نے کہا کہ نگراں حکومت نے آنے والی حکومت کیلئے بہترین گراؤنڈ بنا کر دے دیا ہے کہ وہ حکومت بنانے کے بعد معاشی میدان میں چوکے چھکے لگا سکتے ہیں،پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے،پاکستان200ممالک میں سے ان16 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے100 ارب ڈالر کا کیپٹل ویلتھ فنڈعالمی سطح پر قائم کیا ہے،ابھی تک اس فنڈ میں 7ادارے شامل کئے گئے ہیں جن میں نیشنل بینک،اوجی ڈی سی،پاکستان پیٹرولیم،ماڑی پیٹرولیم بھی شامل ہیں اور ان چار کمپنیوں کا منافع بھی چار کھرب  ہے،اس کے علاوہ ریکوڈیک منصوبہ جس میں سعودی عرب نے25فیصد سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے  اور سعودیہ کے کہنے سے ہی اسکی ویلیو 500ارب ڈالر لگائی ہے اور اس طرح پاکستان کو 125ارب ڈالر فنڈ میں مل جائیں گے جبکہ سعودیہ نے حال ہی میں سعودی عرب میں ہونے والی کانفرنس میں یہ کہا ہے کہ وہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں بہت بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔چیئرمین ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے کویت اور یو اے ای سے  35ارب ڈالر اورسی پیک  فیز2 میں 65ارب ڈالرکا منصوبہ شروع ہونے والا ہے،سب سے اچھی جو بات ہے وہ یہ کہ چائنا پاکستان میں انڈسٹریز شفٹ کرنا چاہتا ہے جس سے پاکستان ترقی کرسکتا ہے جب تک پاکستان میں انڈسٹرلائزیشن نہیں بڑھے گی اس وقت تک ترقی کا خواب دیکھا چھوڑدیں،تو نگراں حکومت نے آنے والی حکومت کیلئے پلیٹ فارم بنا دیا ہے اور ان تمام تر اقدامات سے پاکستان کی ایکسپور ٹ میں اضافہ ہوگا۔ملک محمدبوستان نے مزید کہا کہ  اسٹیٹ بینک نے نئے نوٹ جاری کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس سے لوگوں کو پریشان نہیں ہونا چاہیے کیونکہ مرکزی بینک نے واضح کردیا ہے کہ یہ دوسال کا عمل ہے اور اطمینان بخش بات یہ بھی ہے کہ پاکستان میں انڈیا کی طرح بے وقوفی نہیں کی جائے گی کہ راتوں رات لوگ لائنوں میں جاکر کھڑے ہوگئے تھے، اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پرانے نوٹ بھی مارکیٹ میں چلتے رہیں گے،میں سمجھتا ہوں کہ نئے نوٹ کے حوالے سے یہ درست فیصلہ ہے کیونکہ پاکستان دشمن عناصر مارکیٹ میں جعلی نوٹ پھیلا رہے ہیں جن کا پکڑ میں آنا ضروری ہے،پوری دنیا پلاسٹک پیپر پر جارہی ہے اور مستقبل میں ڈیجیٹل دور آجائے گا جس کے بعد نوٹ ویسے ہی ختم ہوجائیں گے،میں عوام سے کہتا ہوں کہ ان کے پاس گھروں میں جو پیسہ رکھا ہوا ہے وہ ابھی سے بینکوں میں جمع کرادیں تاکہ بعد میں لائینوں میں نہ لگنا پڑے۔ملک بوستان نے کہا کہ  پاکستانی روپیہ کا مستقبل مضبوط ہے،میں یہاں دوبارہ آرمی چیف کی تعریف کروں گا جنہوں نے اسمگلنگ کو روکنے کیلئے اقدامات کئے،افغانستان اور ایران سے ڈالرکی اسمگلنگ کو روکا اور اس عمل  سے ڈالر پاکستان میں 330روپے سے کم ہوکر280سے بھی نیچے آگیا ہے،پاکستانی روپیہ مسلسل مضبوط ہورہا ہے،اب آفیشل چینل کو پروموٹ کیا جارہا ہے،ایکسپورٹ میں بہتری آئی ہے اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرکی آمد میں بہتری آئی ہے، ایکس چینج کمپنیوں نے پچھلے چار ماہ میں 1ارب40کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک میں سرنڈر کئے جو ہمیں عوام نے ہی دیئے ہیں تاہم ابھی پاکستانی روپیہ ریجن میں اب بھی انڈرویلیو ہے جسے مزید مضبوط ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان سے پیسہ کما کر دبئی میں لگایا وہ پچھتائیں گے،جولوگ فارن ایکس چینج پاکستان سے لے کر جارہے ہیں میں ان سے کہتا ہوں  وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ جلد ہی [پاکستان دنیا کا مضبوط ترین ملک ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن