امریکا نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ عام انتخابات کے موقع پر غیر معمولی طور پر محتاط رہیں اور گرد و پیش پر نظر رکھیں۔امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ سیاسی جماعتیں انتخابی مہم زور و شور سے چلارہی ہیں۔ ریلیا نکالی جارہی ہیں، جلسے منعقد کیے جارہے ہیں۔ٹریفک جام اور دیگر عوامل کے نتیجے میں نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ بیان میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔بیان کے مطابق پاکستان میں بعض سرگرمیوں کو کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاسکتا ہے اس لیے غیر معمولی سیاسی سرگرمیوں والے علاقوں سے دور رہنا لازم ہے۔سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی شہری جن علاقوں میں جانا چاہتے ہیں ان میں سیاسی ریلیوں اور جلسوں کے حوالے سے معلوم حاصل کریں۔8 فروری کو عام انتخابات کے موقع ان علاقوں میں بہت بھیڑ ہوسکتی ہے جہاں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ جو امریکی شہری ووٹ ڈالنے کا استحقاق نہیں رکھتے وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔سفارت خانے کے بیان کے مطابق پولنگ ڈے تک انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس میں خلل واقع ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق اپنے سیکیورٹی پلان پر نظرِثانی کریں۔ مقامی میڈیا پر دی جانے والی اپ ڈیٹس کو مانیٹر کریں۔ زیادہ نقل و حرکت سے گریز کریں اور باہر جاتے وقت شناختی دستاویزات رکھیں اور پولیس سے تعاون کریں۔
امریکا نے پاکستان میں موجود شہریوں کو نقل و حرکت میں محتاط رہنے کی ہدایت کردی
Feb 03, 2024 | 13:17