سردی کی شدید ترین لہرکےسبب ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے کم درجہ حرارت کلام میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سکردو،استوار میں منفی گیارہ اورقلات میں منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، صوبہ سندھ اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقے اگلے دو روز تک سرد ہواوں کی لپیٹ میں رہیں گے۔شدید دھند کے باعث اسلام آباد میں بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے دھند کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں اور اسلام آباد اور پشاور کے درمیان موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، آئی جی موٹر وے ڈاکٹر وسیم کوثر کے مطابق موٹر وے شدید دھند کی لپیٹ میں ہے اور اس پر سفر کرنا خطر ناک ہو گیا ہے۔ اس لیے پشاور سے رشکئی اور برھان انٹر چینج سے پشاور تک موٹر وے بند ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں اور پروازوں کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عظمت حیات خان کے مطابق دھند میں بیس سے پچاس میٹر تک جبکہ بعض مقامات پر سو میٹر تک دکھائی دے رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کم بارشیں ہونے کی وجہ سے دھند پڑ رہی ہے.