ترکی کے دورے میں ریپڈ بس سروس سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط ہونگے: شہباز شریف

Jan 03, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ترکی کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر گذشتہ روز لاہور سے استنبول پہنچ گئے جہاں ان کا ترکی کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے قونصلر جنرل نے استقبال کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی میاں نعمان، مہر اشتیاق اور خواجہ احمد حسان وزیر اعلیٰ کے وفد میں شامل ہیں۔ ترکی کے دورہ پر روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ روابط ہیں اور ان رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ترکی جا رہا ہوں۔ ترکی میں ریپڈ بس سروس، ویسٹ مینجمنٹ، سکیورٹی اور صنعتوں کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط ہوں گے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط تر ہوں گے۔ میرے دورے سے باہمی رشتوں اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ ترکی کے دوران ترکی اور پنجاب حکومت کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ ترکی کو بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم میں بڑی مہارت حاصل ہے اور حالیہ دورہ ترکی کے دوران لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں اس منصوبے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ ترک کمپنیوں کے تعاون سے بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبے کو مکمل کیا جائے گا جس سے شہریوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی سسٹم میں تعاون کے حوالے سے بھی ترک حکام سے بات چیت کی جائے گی اور ان کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔ حالیہ دورہ ترکی میں تجارت و اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔
مزیدخبریں