اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) عالمی اور ایشیائی چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ مارچ میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ٹیم کے دو سے تین کھلاڑیوں کو تبدیل کیا جائے گا۔ ٹیم آفیشلز نے9 اے سائیڈ میلبورن ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور قطر ایشین چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ رپورٹ تیارکی ہے جس میں تین کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی چند دن آرام کے بعد مختلف ملکوں میں ہاکی لیگ کھیلنے جائیں گے۔ ان میں بعض کھلاڑی بھارت میں لیگ کھیلنے جائیں گے جبکہ چند کھلاڑی ملائیشیا، انگلینڈ اور ہالینڈ میں لیگ کھیلیں گے۔
اذلان شاہ ہاکی کپ ٹورنامنٹ ....قومی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا امکان
Jan 03, 2013