لندن (تحقیقاتی رپورٹ/ خالد ایچ لودھی) بھارت کو اسرائیل کی جانب سے دفاعی ساز و سامان پر مبنی جدید اسلحہ، لڑاکا طیارے اور جاسوس کیمروں کا نیٹ ورک موصول ہو گیا ہے۔ روزنامہ نوائے وقت نے 9دسمبر کی اپنی اشاعت میں لندن سے حاصل کردہ خصوصی رپورٹ شائع کی تھی جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ اسرائیل کے ایک فوجی وفد نے بھارت کا خفیہ دورہ کیا اور اس دورے کے دوران بھارت کو جدید اسلحہ اور جنگی طیارے فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئے اب اس امر کی تصدیق ہو گئی ہے کہ بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں اسرائیلی جنگی جہاز کو بھی شامل کر لیا گیا ہے اور پاکستان کے سرحدی علاقوں کے قریب بھارت نے خفیہ کیمروں کا جو جال بچھایا ہے اس جاسوسی کے نیٹ ورک کو فعال بنانے میں اسرائیل نے عملی تعاون فراہم کرتے ہوئے اپنے فوجی مشیروں کو بھی ان سرحدی علاقوں کا دورہ کروایا۔ اسرائیلی جنگی طیاورں اور جدید اسلحہ کی ترسیل جن دنوں بھارت میں ہو رہی تھی ٹھیک ان ہی دنوں پاکستان کی قومی سلامتی کے محافظ رحمن ملک بھی بھارت کے دورہ پر نئی دہلی میں موجود تھے۔ رحمن ملک کی جانب سے اسرائیلی اسلحہ کی بھارت کو فراہمی پر کوئی احتجاجی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔