متحدہ اور ق لیگ کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے: نثار


اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ( ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے پہلا موقع ہے کہ 2جماعتیں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی حمایت کر رہی ہیں جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے، میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ دونوں جماعتوں کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود دونوں جماعتیں حکومت کے خلاف ہی محاذ آرائی پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے تاریخ میں پہلی بار پارلیمنٹ کے توسط سے آزاد اور انتخابی الیکشن کمشن کا قیام عمل میں آیا جس پر تمام جماعتیں متفق ہیں، الیکشن کمشن کے خلاف پروپیگنڈے سے واضح ہوتا ہے کہ ایک جماعت انتخابات ملتوی کرنا چاہتی ہے اور خفیہ طاقتوں کے مشن پر کام کر رہی ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ایم کیو ایم کو انتخابی عمل قریب آتے ہی غریبوں سے ہمدردی کا خیال کیسے آیا۔

ای پیپر دی نیشن