کراچی (ایجنسیاں، نیٹ نیوز) کراچی، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ کراچی میں تو گندم کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ کراچی میں اوپن مارکیٹ میں 100 کلو گندم کی قیمت 3 ہزار 300 روپے ہو گئی جو صرف 10 دن قبل 3 ہزار 10 روپے تھی۔ فلور ملز ذرائع کے مطابق شہر میں ڈھائی نمبر آٹے کا 10 کلو تھیلا 375 روپے کا ہو گیا ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 40 روپے جبکہ چکی کے آٹے کی قیمت 42 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پی کے دو ہفتوں کے اندر آٹے کی قیمت میں پانچ سے آٹھ روپے فی کلوگرام تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔