شام میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ہائی کمشنر ناوی پلے نے کہا کہ نومبر کے اختتام تک شام میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد انسٹھ ہزار چھ سو اڑتالیس ہوچکی تھی۔ نومبرکے بعد بھی صدر بشار الاسد کی فورسز اور باغیوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اس لئے وہاں ہلاکتوں کی تعداد اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں مارچ دوہزار گیارہ میں حکومت مخالف مظاہرے شروع ہوئے تھے اوراب وہاں خانہ جنگی کی سی کیفیت نمایاں ہے۔ دوسری جانب شام میں غیرملکی نیوز ایجنسی کے لئےکام کرنے والے ایک امریکی فری لانس صحافی جیمز فولے کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ جیمز فولے کے گھر والوں کے مطابق انہیں چھ ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا۔ انتالیس سالہ جیمز کو بائیس نومبر کو اس کے ڈرائیور اور مترجم کے ہمراہ اغوا کیا گیا۔ بعد ازاں ڈرائیور اور مترجم کو رہا کر دیا گیا تھا۔ ابھی تک کسی نے اس اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن