طب یونانی اور ہربل سسٹم آف میڈیسن کی جدید تحقیقات کے حوالے سے ڈینگی بخار میں تلسی جسے ریحان بھی کہا جاتا ہے‘کے پتوں کے انتہائی مفید نتائج ملے ہیں۔اس حوالے سے مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنزپاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسرحکیم قاضی ایم اے خالدنے کہا کہ’’یونیورسٹی آف دہلی انسٹیٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسزاینڈ ریسرچ ‘‘میں ہونے والی یہ تحقیق ’’انڈین جرنل آف ایکسپیری مینٹل بیالوجی‘‘ میں شائع ہوئی ہے۔اس تحقیق کے مطابق تلسی اینٹی بیکٹریل‘اینٹی فنگل اور اینٹی وائرل خصوصیات کا پودا ہے۔تلسی نہ صرف ڈینگی بخار بلکہ ہر قسم کے موسمی اور ملیریا بخار‘برونکائٹس ‘گلے کی سوزش اور کھانسی میں مفید ہے بلکہ اس مفید پودے سے وائرل ہیپاٹائٹس کی علامات بھی کم کرنے میں مدد ملی ہے اس کے علاوہ ایچ آئی وی ایڈز اور ٹی بی میں بھی موثر پایا گیا ہے۔ تلسی کے پتوں کی ہربل ٹی ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کے علاوہ حفظ صحت کے طور پر بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔علاوہ ازیںکرنجوہ ‘افسنتین اور چرائتہ ہمورزن باریک سفوف بنا لیں اور برگ تلسی کے قہوہ کے ہمرا ہ صبح و شام خالی پیٹ ایک چمچ ڈینگی بخار میں فائدہ مند ہے۔قدیم قرابادینی مرکب حب شفا دو عددشربت دینار کے ہمراہ صبح و شام کھانے کے بعد انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے۔ عوام الناس کو ڈینگی بخار سے گھبرانا نہیں چاہئے۔ جدید طبی تحقیقات کے مطابق عام ڈینگی بخار خطرناک نہیں اور کم و بیش ایک سے دو ہفتے میں مناسب دیکھ بھال وعلاج سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔ڈینگی بخار کے پچیدہ کیسزیعنی ڈینگی ہیمرجک بخار اور ڈینگی شاک بخار کی شرح ڈینگی پازیٹو مریضوں میںتین سے پانچ فیصد تک ہے تاہم خوف و ہراس کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیربھی انتہائی ضروری ہیں۔ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد وٹامن کے‘ وٹامن بی اور وٹامن سی پر مشتمل خوراک کا استعمال کریں۔چاول مونگ کی دال کھچڑ ی ‘شلجم ‘چقندر‘گاجر‘بند گوبھی ‘لیموںپپیتہ ‘انگور‘انار‘سیب ‘کنّو اورمیٹھااس مرض میں مفید غذا ہے۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے لہذا احتیاطی تدابیر کے طور پر سرکہ اور پیاز کا استعمال کر کے ڈینگی وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ کا فور گھر میں مختلف جگہوں پر رکھیں نیز کسی تیل یا کریم وغیرہ میں شامل کر کے جسم پر لگائیں مچھر قریب نہیں آئیں گے۔ اس کے علاوہ ڈینگی مچھروںسے بچاؤ کیلئے لیمن گراس اور تلسی کے پودوں کو گھروں میں رکھا جائے ۔یہ پودے سنگاپورسمیت دیگر ممالک میں ڈینگی وائرس سے بچا ؤکے طور پرموثر ثابت ہوچکے ہیں۔
برگ تلسی ڈینگی بخارمیں انتہائی موثر ہے
Jan 03, 2014