لاہور (آئی این پی + این این آئی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل افسوسناک اور شرمناک ہے، دہشت گرد عناصر حکومت کی سرپرستی کے بغیر ریاست کے اندر ریاست نہیں بنا سکتے، حکومت الیکشن میں بلاواسطہ یا بالواسطہ دہشت گردوں سے مدد لیتی ہے۔ دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ان کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا جانا چاہیے‘ جنرل ضیاء الحق کی پالیسیوں کی بدولت آج ملک میں دہشت گرد موجود ہیں۔ پرویز مشرف بھی ملک میں دہشت گردی کو کنٹرول نہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ مجھے موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشت گردی کا خاتمہ نظر نہیں آتا۔ میں اقتدار کیلئے نہیں بلکہ ملک اور قوم کے مفاد میں انقلاب لا رہا ہوں‘ ملک اور قوم کے مفادات کیلئے تحریک انصاف اور ہمارا موقف ایک ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ پنجاب میں ایک صوبائی وزیر کھلے عام کالعدم تنظیموں کی سپورٹ کر رہا ہے لیکن اسے کوئی بھی پوچھنے والا نہیں اور اسی طرح وفاقی حکمران بھی اپنے سیاسی مفاد کیلئے بالواسطہ یا بلا واسطہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا ہے کہ پہلے بھی پاکستان آیا اب بھی آئوں گا، میرے پائوں میں کوئی رنجیر نہیں، مذہب کے نام پر ایک دوسرے کے گلے کاٹنے والوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، حکومتیں دہشتگردوں کو پالتی ہیں تاکہ دنیا کو خوفزدہ کر سکیں، دہشت گردی میں ملوث ایسی جماعتوں کو جانتا ہوں جنہیں مختلف حکومتوں نے فنڈنگ کی، پرویز مشرف کا آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل 12 اکتوبر 1999ء سے ہونا چاہئے، صرف پرویز مشرف کا ٹرائل انتقامی کارروائی ہے۔ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ 2008ء سے 2013ء تک ساڑھے چار ہزار دہشت گرد گرفتار ہوئے، ان میں سے ایک کو بھی سزا نہیں سنائی گئی، اکثر کو چھوڑ دیا گیا صرف 63 افراد جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا جو لوگ مذاکرات اور امن کی بات نہیں کرنا چاہتے، آئین اور حکومتی رٹ کو نہیں مانتے ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیرون ملک رہنے سے ملکی عوام، تاجروں کو کوئی تکلیف نہیں، میری غیرموجودگی میں 29 دسمبر کو لاہور کی عظیم الشان ریلی نکلی جنہیں میرے ایجنڈے کیخلاف ایک دلیل نہیں ملتی وہ میری بیرون ملک موجودگی پر تنقید کرتے ہیں۔تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ماہ ربیع الاول شریف کے آغاز پر مسلم امہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آقائے دوجہاںؐ کی ولادت مبارک کی خوشی منانے سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں۔ میلاد کے مبارک ماہ کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا عجیب احساس لے کر آتا ہے۔ اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے وابستگان کارکنان عوام الناس اور مسلم امہ پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے دنیا کو امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔
دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں، ان کیخلاف آپریشن کیا جائے: طاہر القادری
Jan 03, 2014