اسلام آباد (ثناء نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے دوسرے اجلاس ہی کو ان کیمرہ قرار دے دیا گیا ۔ افغانستان کے مسئلہ پر بریفنگ دی جائے گی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی کمیٹی خارجہ امور کا اجلاس نو جنوری کو پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا گیا ۔اجلاس کی دو روزہ خفیہ کارروائی میں افغانستان کے مسئلے کے ماہرین اور وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز بریفنگ دیں گے ۔ پہلے روز کے اجلاس میں ماہرین کی بریفنگ ہو گی دوسرے روز حکومتی مشیر بریفنگ دیں گے اور اراکین اس مسئلے پر بحث اور کمیٹی کی سفارشات پر مشاورت کریں گے۔ کمیٹی کا دوسرا باضابطہ اجلاس ہو گا۔ دوسرے اجلاس کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔