اسلام آباد/ لاہور/ کوئٹہ (اے این این)ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی ٗ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ٗ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر گیا ٗ حالیہ لہر مزید تین روز جاری رہے گی ٗخون جما دینے والی ٹھنڈ نے زندگی بھی منجمد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں برفیلی ہوائوں نے پارہ ایسے گرایا کہ ہر کوئی سردی سے پناہ مانگ رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سردی کا 46سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ رہی سہی کسر بادلوں نے سورج کو چھپا کر پوری کر دی۔ پنجاب کے اکثر علاقے بھی شدید سردی کی زد میں ہیں۔ لاہور میں دھوپ کے باجود شہری سرد ہوائوں سے ٹھٹھرتے رہے۔ ادھر کوئٹہ میں غضب کی سردی نے نلکوں کا پانی بھی برف میں تبدیل کر دیا۔ شہر میں سب سے کم درجہ حرارت منفی تیرہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پی کے میں بھی سردی نے تمام سرگرمیاں ٹھنڈی کر دیں۔ راولا کوٹ میں پارہ منفی 10، کالام، مری، دالبندین اور پارا چنار میں منفی 9 اور سکردو میں منفی 8 درجے تک گر گیا۔ بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث استور اور ہنزہ گوجال کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر مزید تین روز جاری رہے گی جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا
Jan 03, 2014