لاہور (احسن صدیق) ملک کے چاروں صوبوں کو رواں مالی سال 2013-14 میں جولائی سے دسمبر (6 ماہ) کیلئے این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں مقررہ حصے سے 93 ارب کم ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کیلئے چاروں صوبوں کا قابل تقسیم محاصل کی مد میں حصہ 6 کھرب 89 ارب 98 کروڑ 75 لاکھ روپے مقرر تھا لیکن چاروں صوبوں کو 5 کھرب 96 ارب 98 کروڑ 75 لاکھ روپے ملے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع نے رابطہ کرنے پر تصدیق کی ہے کہ وفاق نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کیلئے 4 صوبوں کے مقررہ حصے میں سے 93 ارب روپے ادا نہیں کئے۔ ہمارا وفاق سے مطالبہ ہے صوبوں کو این ایف سی کے تحت 93 ارب روپے کے بقایا جات ادا کئے جائیں۔ ذرائع نے بتایا 93 ارب روپے میں پنجاب کا حصہ این ایف سی کے 51.74 فیصد کے مطابق 48.081 ارب روپے، سندھ کا حصہ 24.55 فیصد کے مطابق 22.832 ارب روپے، خیبر پی کے کا حصہ 14.62 فیصد کے مطابق 13.597 ارب روپے اور بلوچستان کا حصہ 9.09 فیصد کے مطابق 8.454 ارب روپے بنتا ہے۔ یہ فنڈز صوبوں کو مل جائیں تو انکی اقتصادی صورتحال مضبوط ہو گی کیونکہ ان فنڈز کا بیشتر حصہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہو گا۔