لاہور ،فیروز والا (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں 80 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا۔ اقبال ٹاؤن کے علاقے جہانزیب بلاک کے قریب پکی ٹھٹھی سمن آباد کے رہائشی ٹھکیدار اللہ وسایا کا بیٹا 25 سالہ بیٹا عمران موٹرسائیکل پر جا رہا تھا موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر اس کو روک کر ہزاروں روپے اور موبائل فون لوٹ لیا مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے عمران کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ زخمی عمران کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا یاگیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور اس نے دم توڑ دیا۔ ڈاکوؤں نے شاہدرہ کے علاقہ جیا موسٰی کے طاہر محمود کے گھر سے 10لاکھ روپے، مصری شاہ عزیز روڈ کے عمران کے گھر سے7لاکھ روپے، مسلم ٹاؤن کے علاقے نیو مسلم ٹاؤن کے فرقان کے گھر سے 6 لاکھ روپے، نوانکوٹ میں مظہر کے گھر سے5لاکھ روپے، شمالی چھاؤنی میں ارشاد کے گھر سے4 لاکھ روپے، اسلام پورہ میں فاروق کے گھر سے3 لاکھ روپے، شادباغ میں سرور کے گھر سے 2 لاکھ روپے، شفیق آباد باغ منشی لدھا کے علی عثمان کے گھر سے1لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس سی کے علاقے فیز فائیو میں فرقان اور اسکی فیملی سے 5 لاکھ 55 ہزار روپے، اچھرہ شاہ جمال میں خالد یوسف اور اسکی فیملی سے 4 لاکھ روپے، جوہر ٹاؤن میں فیاض کی فیملی سے 2 لاکھ روپے، شاہدرہ میں ڈاکوؤں نے عمران کی فیملی سے2 روپے، راوی روڈ میں ذوالفقار کی فیملی سے ایک لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے نواب ٹاؤن ایکسپو سنٹر کے سامنے شکیل سے ایک لاکھ 70ہزارروپے، شاہدرہ شیخوپورہ روڈ پر ایک بیکری سے 80 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس اے کے رہا ئشی عمیر کے گھر سے 12لاکھ روپے، سول لائن لارنس روڈ کے آغا اقبال کے گھر سے 7لاکھ روپے، شالیمار گلشن شہباز کالج روڈ کے فیصل عثمانی کے گھر سے 7لاکھ روپے کی نقدی، زیورات و دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے اقبال ٹاؤن سے نواب دین، نشتر کالونی سے امجد، ماڈل ٹاؤن سے زاہد، کی کاریں جبکہ،گارڈن ٹاؤن سے ساجد، سمن آباد سے حمزہ، مزنگ سے شاکر، نواب ٹاؤن سے اشفاق، ماڈل ٹاؤن سے زاہد، اقبال ٹاؤن سے علیم، قلعہ گجر سنگھ سے کامران کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ اور تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقے میں ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر فریاد علی، اکرم اور محمد علی سے موٹرسائیکلیں اور رقم چھین لی۔ گن پوائنٹ پر دکاندار عدیل اور اقبال کو لوٹ لیا۔ نامعلوم چور نیاز احمد اور اشرف علی کے گھروں سے ہزاروں روپے کا قیمتی سامان چوری کر کے لے گئے اور ویگن کنڈکٹر اور اسکے ساتھیوں نے ویگن میں پڑی ہوئی ر قم چوری کر لی۔