لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ داعش اسلام دشمن جماعت ہے۔ دشمنانِ اسلام کے ہاتھ مضبوط کرنیوالے کبھی اسلام پسند نہیں ہوسکتے۔ اس وقت بیرونی قوتیں متحدہوکر عالم اسلام کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ اسلام اور پاکستان کی حفاظت کرنیوالی جماعت ہے۔ اسلام ونظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے مسلمانوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مرکز خیبر نشاط آباد میں تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کا دور فتنوں کا دور ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم جہاد کا اسلامی مفہوم دنیاکے سامنے رکھیں تاکہ اسلام دشمن قوتوں اور داعش جیسی تنظیموںکے پروپیگنڈے کا توڑ ہوسکے۔ داعش سے وابستہ لوگ فتنہ تکفیر اور خارجیت کا شکار ہیں‘ انکا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلمانوں کو فرقہ واریت سے اجتناب کرتے ہوئے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلم حکمرانوں کیخلاف مسلح جہاد نہیں بلکہ انہیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی دعوت اور انکی اصلاح کا فریضہ انجام دینے کی ضرورت ہے۔ امریکہ و یورپ کی پیداکردہ داعش سے کافروں سے زیادہ مسلمانوں کو خطرہ ہے۔ فتنہ تکفیر اورخارجیت کا شکار گروہوں کا ہاتھ روکنے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہو کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
یورپ، امریکہ کی پیدا کردہ داعش سے زیادہ خطرہ مسلمانوں کو ہے: حافظ سعید
Jan 03, 2016