رمیز راجہ بھی محمد عامرکی حمایت کیلئے میدان میں آگئے

Jan 03, 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ کے مشیر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بائولر محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے میں جلدی کی ہے ۔ فاسٹ بائولر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے سے پہلے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت تھی ۔ان کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل توکر لیا گیا ہے مگر مزید ہوم ورک کرنے کی ضرورت تھی ۔مایوس کن صورتحال ہے کیونکہ ٹیم کو جیت کی ضرورت ہے اور محمد عامر میچ ونر کھلاڑی ہے ۔وہ بڑ اٹیلنٹڈ اور باصلاحیت کھلاڑی ہے ۔ابھی اسے سکھانے کی ضرورت ہے ۔میرے خیال میں پی سی بی کو چاہئے کہ موجودہ ٹیم کو مزید وقت دے تاکہ وہ ردھم میں آسکے ۔تین اور چار کھلاڑی اب بھی عامر کے خلاف ہیں تاہم کچھ وقت لگے گا۔سب کو عامر کی واپسی کا اہمیت کا اندازہ ہونا چاہئے۔اب بیان بازی نہ کی تاکہ کسی الجھن میں نہ پڑ جائیں۔وہ ٹیم میں کھیلنے کے قابل ہے اور مخالفت چھوڑ کر اسے ردھم میں آنے کا موقع دیا جائے ۔صورتحال سب کیلئے مشکل ہے مگر عامر کو پاکستان کیلئے کھیلنے دیا جائے ۔بائولنگ کرتے ہوئے اب عامر پر دبائو ہوگاکیونکہ وہ نو بال کرتے ہوئے ضرور خیال کرے گا۔ پانچ سال قبل کے واقعات اس کے ذہن میں ہیں ۔لوگ اس کی حمایت کرتے ہیں اور شائقین اسے کھیل کے میدان میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔خود کو اب مستقبل میں مشکل حالات میں خراب لوگوں سے بچا کر رکھنا ہوگا۔

مزیدخبریں