حجرہ شاہ مقیم (نمائندہ نوائے وقت) حجرہ ٹریفک پولیس کی ہٹ دھرمی غریب بچے کی جان لے گئی۔ محلہ امداد کالونی گلی نمبر3 کا رہائشی محنت کش محمد اشرف بھٹی کا 5ماہ کا کمسن بیٹا منیب احمد شدید بیمار تھا جس کو ڈاکٹر سے چیک اپ کروانے کے بعد محمد اشرف موٹرسائیکل پر بازار دوائی لینے آیا تو ٹریفک پولیس کے اہلکاروں عبدالغفور اے ایس آئی اور محبت علی کانسٹیبل نے پکڑ لیا۔ ٹریفک پولیس والوں کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کے باوجود معافی نہ ملی۔ اہلکاروں نے 200روپے کی ڈیمانڈ کی۔ اشرف بھٹی کی جیب سے 100روپے نکلے دوسرا سو اس نے سٹرک پر کھڑے ہو کر راہگیروں سے مانگے۔ جب وہ دوگھنٹے کی تاخیر سے دوائی لیکر گھر پہنچا تو اس کا معصوم بیٹا منیب احمد جاں بحق ہو چکا تھا۔ بیٹے کی موت پر ماں باپ پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ عزیز و اقارب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔