افغان جنگ میں اب تک 2 ہزار 247 امریکی فوجی ہلاک‘ 20 ہزار سے زائد زخمی ہوئے: پینٹاگون

Jan 03, 2017

واشنگٹن(اے پی پی) امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ 2001ء سے 2016ء کے آخر تک افغانستان کی جنگ میں امریکہ کے 2 ہزار 247 فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران تقریباً 20 ہزار 200 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس وقت افغانستان میں امریکہ کے 9 ہزار 8 سو فوجی موجود ہیں لیکن پروگرام کے مطابق ان کی تعداد کم کر کے 8 ہزار 4 سو کر دی جائے گی۔ایک اور رپورٹ کے مطابق افغانستان میں یورپی یونین کی پولیس کا مشن ختم ہو گیا ہے۔ یہ مشن 2007 ء میں شروع ہوا تھا اور ایک عشرے کے بعد یہ 2016 ء کے آخر میں ختم ہو گیا ہے۔یورپی یونین کی پولیس کا مشن افغانستان کی وزارت داخلہ میں اصلاحات اور اس ملک کی پولیس کو پیشہ ورانہ کام سکھانے کے لیے شروع کیا گیا تھا اور اس کا 2016 کا بجٹ تقریبا50 ملین ڈالر تھا۔ اس وقت افغانستان کی پولیس میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں