اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو ٹرن خان میرے اوپر مقدمات ہیں تو سامنے لائو‘ خود مقدموں میں پھنسا ہوا ہے ضمانتیں کرواتا پھر رہا ہے‘ عمران نجومیوں کے کہنے پر چل رہا ہے وہ دماغی طور پر ڈسٹرب ہے اس پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا ٹرمپ کے بیان پر پاکستان کو جوائنٹ سیشن بلانا چاہئے۔ ساری سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا چاہئے یہ کسی فرد یا پارٹی کا مسئلہ نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔ جہاں پاکستان کا مسئلہ ہو وہاں سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بڑی قیمت ادا کی ہے۔ 1979 میں افغان جنگ میں پاکستان کو جھونکا گیا ضیاء الحق کے دور میں امریکہ کو سہولیات دی گئیں۔ نائن الیون کے بعد ڈو مور کا مسئلہ ہوا کہا گیا کہ ہمارے ساتھ تعاون نہ کیا گیا تو آپ کو بہت بڑا پیغام دیں گے۔ مشرف کے دور میں امریکہ کے مطالبے کو مانا گیا۔ دنیا کا دہشت گرد پاکستان میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا ٹرمپ تو کیا سارا امریکہ بھی پاکستانیوں کی قربانیوں کی قیمت ادا نہیں کرسکتا۔ ٹرمپ کے بولنے کے ذمہ دار ہماری حکومت ہے۔ پہلے دن سے ہم وزیر خارجہ لگانے کی بات کرتے تھے وقت نے ثابت کیا کہ ہمارا وہ مطالبہ بہت اہمیت رکھتا تھا۔ ٹرمپ نے 33بلین ڈالر کی بات کرکے چھوٹا پن دکھایا ہے۔ سرجیکل سٹرائیک اگر ہوتی ہے تو پاکستان کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔ این آر او کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے بارے میں خورشید شاہ نے کہا کہ این آر او ہوتا ہے تو عدالتوں کو تالے لگا دینے چاہئیں کیا عدالتیں صرف غریبوں کے لئے ہیں۔
چنیوٹ (نامہ نگار) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے میاں صاحب عبادت کی بجائے سیاسی عمرہ کرنے سعودی عرب گئے ہیں ۔کٹھ پتلی وزیراعظم بھی ان کے پیچھے پیچھے بہترین خادم اور درباری ہونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ،جمہوریت کا راگ الاپنے والے دن رات اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی اور زہر اگل رہے ہیں جو قابل مذمت ہے ،جو کچھ دیکھنے سننے کو مل رہا اس سے یقین ہوتا ہے شریف خاندان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیںہے ۔مریم نواز شریف توہین عدالت کے تمام ریکارڈ توڑ چکیں لیکن کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی سید حسن مرتضی سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ اب شریف فیملی دوبارہ سعودی عرب میں پڑائو پر غور کر رہی ہے ملک کی عوام اور معیشت کو بری طرح تباہ و برباد کر دیا گیا ہے ۔ایک منشی لوٹ مار کرکے جا چکا جبکہ منشی بھی اپنے اپنے چکروں میں لگے ہوئے ہیں ۔نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرکے مسلم لیگ (ن) نے عوام پر واضح کردیا کہ لوٹ مار کیسے کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے متعلق بیان ہماری ناکام خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ قرض میں ڈبو دیا گیا ہے اور جمہوریت کا ڈھونڈورا پیٹنے والے ملکی ترقی کا بھاشن دیتے نہیں تھکتے ان کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ ہم نے امریکہ کی لڑائی میں نا قابل تلافی نقصان اٹھائے ہیں جن کا خمیازہ ہماری آنے والی نسلیں بھی بھگتیں گی اور ہم بھی بھگت رہے ہیں جبکہ امریکہ مزید ہم پر دبائو ڈال کر ہم سے قربانیاں لینا چاہتا ہے اور اس ایجنڈے میں اسلام دشمن ممالک بھی امریکہ کے ساتھ ہیں مگر ہمیںکسی صورت امریکہ کے دبائو میں نہیں آنا چاہئے بلکہ اب پورے ملک کا موقف ایک ہی ہونا چایئے کہ اب ایسا نہیں چلے گا اور اگر امریکی پالیسیوں کی مخالفت نہ کی گئی تو پاکستان کا وجود پور دنیا میں متاثر اور کمزور تصور ہوگا ۔