لاہور(نیوزرپورٹر)ملتان اور پنجاب کے دیگر حصوں میں موسمی انفلوئنزا کی وجہ سے 12مریضوں کے ہلاک ہو جانے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے ۔یہ بیماری انفلوئنزا وائرس (H1N1) سے لاحق ہوتی ہے۔اس کی علامات میں گلے کی سوزش ، فلو، سردرد ، جسم درد، بلغمی کانسی اور نظام تنفس کے اوپری حصے کا انفکیکشن شامل ہے ۔انفلوئنزا ایک وائرل بیماری ہے جو ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتی ہے ۔ عوام کو کسی بھی پیچیددگی سے بچنے کے لئے مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں لوگوں کو تازہ صحت بخش اور متوازن غذا کھانی چاہیے۔ 7تا 8گھنٹے کی نیند ضرور لیں۔ زیادہ پانی پیئیں۔ مکمل آرام کریں۔ ناک صاف کرنے کے لئے ٹشو پیپر کا استعمال کریں۔ متاثرہ مریض کو چاہیے کہ وہ دوسروں سے ہاتھ ملانے یا گلے لگنے سے گریز کرے نیز اپنا گلاس ، پلیٹ، کپ، تولیہ اور موبائل وغیرہ بھی دوسروں کو استعمال کے لئے نہ دے۔ اپنی مرضی سے کوئی بھی دوا استعمال نہ کریں۔ علاج کے لئے صرف مستند ڈاکٹر سے ہی رجوع کریں۔پی ایم اے مشورہ دیتی ہے کہ حکومت اس سلسلے میں وصیح پیمانے پر ایک عوامی آگاہی کی مہم چلائے۔
پنجاب میں موسمی انفلوئنزا کی وجہ سے 12 مریضوں کی ہلاکت پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا تشویش کا اظہار
Jan 03, 2018