راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) نئے سال کے آغاز کے موقع پر حلقہ درود بحریہ ٹاؤن کے زیراہتمام سفاری بینکوئٹ ہال فیز ٹو میں ایک پروقار محفل میلاد ہوئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ وطن عزیز کے معروف نعت خواں الحاج افضل نوشاہی، صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور سید ذوالفقار شاہ گیلانی نے بارگاہ رسالت میں گل ہائے عقیدت پیش کئے جس سے بحریہ ٹاؤن کی فضائیں درود و سلام سے گونج اٹھیں۔ مہمان خصوصی ائر مارشل (ر)شاہد لطیف نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکالمے سے گریز اور طبیعتوں میں سختی انتہا پسندی کو جنم دیتی ہے جس کا مناسب وقت پر تدارک نہ کیا جائے انسان دہشت گردی کی طرف مائل ہوجاتا ہے۔ ساٹھ ہزار پاکستانی اس کینسر کے باعث اپنی جانوں سے گئے۔ نیشنل ایکشن پلان میں حکومت نے معاشرے میں معتدل مزاجی اور میانہ روی کو فروغ دینے کے جو وعدے کئے تھے اس بارے مجرمانہ غفلت برتی گئی ، حلقات درود انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انتہائی موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ درود شریف پر کسی مسلک کو کوئی اختلاف نہیں یہ بین المسالک ہم آہنگی کیلئے بھی انتہائی مجرب نسخہ ہے۔ حلقہ درود کے منتظم پروفیسر طارق اعجاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحریہ ٹاؤن میں پچھلے ایک سال سے حلقہ درود کے تحت محافل جاری ہیں۔ ہر جمعہ مبارک کسی ایک گھر میں مغرب تا عشاء انتہائی پروقار محفل درود و سلام سجائی جاتی ہے۔ جس میں مکینوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے ہم درود شریف کا ایک کلچر کے طور پر متعارف کروا رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ہمارے بچوں کے لبوں پر ہندی فلموں کے گانوں کی بجائے درود و سلام کے نغمے ہوں گے۔ اختتام پر تین افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے کے ٹکٹ دیئے گئے اور شرکاء کی تواضع پر تکلف ضیافت میلاد سے کی گئی۔