لاہور ( این این آئی)پنجاب میں سوائن فلو کے مریضوں میںاضافہ لمحہ فکریہ ہے حکومت پنجاب خصوصی اقدامات کرے۔ تیز بخار ، نزلہ ، کھانسی ، جسم میں درد ، جسم ہونٹوں اور انگلیوں کا نیلا ہونا سانس لینے میں مشکل سوائن فلو کی علامات ہیںاگر تیز بخار (102ڈگری سے زیادہ ) تین دن میں نہ اترے تو یہ تشویش کی بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈو یژن پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض ،پروفیسر حکیم محمد افضل میو، حکیم احمد حسن نوری، حکیم امجد وحید بھٹی ، حکیم حامد محمود، حکیم فیصل طاہر صدیقی ، حکیم محمد ابوبکر، حکیم محمد احمد، حکیم ڈاکٹر عمر فاروق گوندل اور ڈاکٹر سکندر حیات زاہد نے پاکستان طبی کانفرنس لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام سوائن فلو کے حولے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ چینی طریقہ علاج کے معالجین لوگوں کو یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ لہسن ایچ ون این ون انفلونزا سے بچائو میں مفید ہے ۔ چینی طریقہ علاج کے ایک معالج کہتے ہیں کہ وہ اپنے مریضوں کو نزلہ زکام سے بچائو کے لیے روزانہ تھوڑی مقدار میں لہسن کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ لہسن انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا اور اس سے وہ ایچ ون این ون وائرس سے بچ سکتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے جاپان اور جنوبی کوریا سمیت کئی ایشیائی ممالک میںمعالجین سونف، پودینہ، ادرک کا قہوہ پینے کا مشورہ دیتے ہیں ۔