تعلیمات نبوی ؐ پر عمل پیرا ہو کردہشتگردی کی آگ کو سرد کیا جا سکتا ہے،پیر نقیب الرحمن

Jan 03, 2018

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ )دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسا ن حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمؐ کی شریعتِ مطہرہ پر کاربند ہو کر ہی ربِ رحمان کو راضی کیا جا سکتا ہے۔ شریعتِ مطہرہ پر چلتے چلتے بندہ ربِ کریم کے اس قرب میں پہنچ جاتا ہے کہ وہ جو اللہ تعالیٰ سے مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اسے عطا کر دیتا ہے۔ شریعتِ مطہرہ پر عمل پیرا ایک ایسی ہی عظیم ہستی عید گاہ شریف کے بزرگانِ طریقت میں شیخ المحدثین والمفسرین الحاج الحافظ حضرت پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی ؒ کی ہے جنہوں نے نا صرف خود حضور نبی رحمت ؐ کی شریعتِ مطہرہ کو مضبوطی سے تھاما بلکہ برِ صغیر پاک و ہند کے کروڑوں مسلمانوں کو اس راہ پر گامزن کیا کہ حقیقی کامیابی اتباعِ شریعتِ مطہرہ میں ہے اور اپنے عمل و کردار اور اخلاق سے ثابت کیا کہ دینِ متین اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ اس عظیم ترین تربیت جو خلق نبویؐ میں سے ہے کے زور پر پھیلا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ پیر ثانی سرکار ؒ کے 57ویں سالانہ عرسِ مبارک کی تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرپیر محمد نقیب الرحمن نے کہا کہ اتباعِ رسولِ مقبولؐ ہی وہ عظیم راستہ ہے جو سیدھا ربِ کریم کے قرب تک لے جاتا ہے اور اس راستے کے سوا سب رستے باطل ہیں۔ حضور نبی کریم ؐ کے اعلیٰ پاک فرمودات ہی انسانیت کو فلاح بخش سکتے ہیں اور حقیقی کامیابی سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ تعلیماتِ نبوی ؐ کو ان کی اصل حالت میں مخلوقِ خدا تک اولیا اللہ ہی نے پہنچایا ہے۔ آج بھی تعلیمات نبوی ؐ پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں لگی دہشتگردی کی آگ کو سرد کیا جا سکتا ہے اور دنیا کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہمارے آقا و مولا ؐعالمین کے لئے رحمت ہیں اور ہمیں حکم ارشاد فرماتے ہیں کہ تم میں سے اچھا انسان وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہیں اورجومخلوقِ خدا کے زیادہ سے زیادہ کام آتا ہے۔ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسولِ مقبول ؐ اور مخلوقِ خدا کی بھلائی کی تعلیم دی گئی ہے۔عرس شریف کی محفل سے مفتی سلیمان رضوی ، علامہ سید عارف شاہ گیلانی، حافظ بشیر احمد سیالوی، علامہ ضیا الحسن ضیائی ، مفتی فیصل حسین نقشبندی ،علامہ فاروق عثمانی، خواجہ وجاہت جمیل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مزیدخبریں