سابق وزیراعظم نواز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے پی ٹی آئی نے کہا کہ بتا دوں گا، بتا دوں گا کہنے والو، اب بتا ہی دو۔ فوادچوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے میچ سے پہلے ہی بھاگنے کی تیاری کر لی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کہتے ہیں نواز شریف کو اپنا انجام سامنے نظر آ رہا ہے، وہ بتائیں کہ سعودی عرب جانے کا کیا مقصد تھا؟ نواز شریف کی ساری زندگی کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے میں گزری ہے، ان کیلئے سپریم کورٹ کی سزا ناکافی ہے، نواز شریف غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ نعیم الحق نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کٹھ پتلی ہیں اور وزرا نواز شریف کے گھر کے چکر لگاتے رہتے ہیں اور اپنا دماغی توازن کھو چکے ہیں۔رہنما تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ جو شخص عدالت سے نااہل ہوا وہ کس حیثیت سے پنجاب ہاوس استعمال کرتا ہے؟ کس حیثیت میں پنجاب حکومت کے وسائل نواز شریف اور مریم نواز پر خرچ کئے جاتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2 اعتراف کئے۔ پہلا اعتراف یہ کہ ماضی کا انتخاب رگ کیا گیا اور لاڈلوں کو جتوایا گیا، اب نواز شریف یہ بھی بتا دیں کہ کونسا لاڈلہ تھا جس نے زیادہ فائدہ اٹھایا، مسلم لیگ (ن)نے ڈیڑھ کروڑ ووٹ کیسے لئے؟ یہی بات عمران خان کر رہے تھے کہ 2013 میں دھاندلی ہوئی جبکہ آج نواز شریف نے بھی دھاندلی کا اعتراف کر لیا ہے، اعتراف کرنے پر نواز شریف کا شکریہ۔انہوں نے کہا کہ اکھاڑے میں آنے سے پہلے ہی نواز شریف نے شکست کا شور مچانا شروع کر دیا ہے، وہ میچ سے پہلے ہی بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں، نواز شریف نے آنے والے انتخاب میں شکست کا اعتراف کر لیا ہے۔فواد چودھری بولے، نواز شریف ہمت کریں اور سازش کون کر رہا ہے؟ کل ہی بتا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدلیہ اور فوج کو متنازع کرنا چاہتے ہیں، اسامہ بن لادن سے سیاستدان پیسے لیں، یہ بڑا جھول ہے، چار، چار سال آپ وزیر خارجہ نہ لگائیں اور ملکوں کیساتھ فیملی تعلقات بڑھانے میں لگے رہیں، یہ ہے جھول۔رہنما پی ٹی آئی نے دعوی کیا کہ لگتا ہے نواز شریف غصے میں ہیں کیونکہ سعودی عرب میں بات نہیں بنی۔