وزیراعظم کے ایچی سن کالج میں استاد میجر جیفری ڈگلس انتقال کرگئے، عمران خان کا اظہار افسوس، یادگار تصویر شیئر کی
لاہور (ایجنسیاں+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم عمران خا ن کے ایچی سن کالج میں استاد میجر جیفری ڈگلس لین گلیڈز 101 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ایچی سن کالج کی انتظامیہ کے مطابق میجر جیفری ڈگلس کا بدھ 2 جنوری کو صبح 10 بجکر 15 پر انتقال ہوا۔ میجر ڈگلس 21 اکتوبر 1917ءکو پیدا ہوئے اور انہیں دی میجر کے نام سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے کیرئیر کے دوران پاک فوج، ایچی سن کالج، رزمک کیڈٹ کالج اور لین گلیڈز سکول و کالج چترال میں خدمات سرانجام دیں۔ وزیراعظم عمران خان بھی دور طالب علمی میں میجر جیفری ڈگلس سے تعلیم حاصل کرتے رہے۔ ایچی سن کالج کی جانب سے انکے انتقال کی تصدیق کے بعد انکے اہل خانہ کیلئے تعزیت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ استادِ محترم کی رحلت پر انکا دل نہایت افسردہ اور غمگین ہے۔ استاد ہونے کے ساتھ انہوں نے مجھ میں کوہ پیمائی کا ذوق جگایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے میجر جیفری ڈگلس کے ہمراہ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی اور افسوس کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے ایچی سن کالج کے سینئر استاد جیفری ڈگلس لینگ لینڈ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جیفری ڈگلس کی شاندار خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم/ استاد