ایچی سن کالج لاہورکے سابق استاد جیفرے ڈوگلس انتقال کرگئے

لاہور/اسلام آباد (صباح نیوز/ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان اور دیگر اہم شخصیات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے ایچیسن کالج کے استاد میجر جیفری ڈوگلس لینگ لینڈز 101 برس کی عمر میں چل بسے۔ایچی سن کالج کے سابق استاد میجر جیفری ڈوگلس لینگ لینڈز اکتوبر 1917 میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 101 برس کی عمر پائی۔میجر جیفری ڈوگلس 25 سال تک ایچی سن کالج میں شعبہ تدریس سے وابستہ رہے اور انہوں نے کبھی پاکستان کو نہیں چھوڑا۔میجر جیفری چترال میں ایک کالج کے پرنسپل بھی رہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں صرف کیا۔لاہور کے ایچیسن کالج کی طرف سے باضابطہ طور پر جاری بیان میں کہا گیا ہے میجر جیفری انتہائی خاموشی سے رخصت ہوگئے ہیں اور ہمیں اس پر انتہائی افسوس ہے۔کالج انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم میجر جیفری کی زندگی کو استاد، باوقار شخصیت، کوہ پیما، قصہ گو اور ایک سپاہی کی زندگی سے تعبیر کرتے ہیں جنہوں نے اپنی حیات دوسروں بالخصوص پاکستان کیلئے وقف کی۔گزشتہ سال میجر جیفری کی 100 ویں سالگرہ پر پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے استاد کو مبارک دیتے ہوئے کہا تھا جو لگن اور کام کرنے کا جذبہ آپ نے ہمیں سکھایا اس کیلئے ہم آپ کے شکر گزار ہیں میری دعا ہے آپ لمبے عرصے کیلئے ہمارے ساتھ رہیں۔جیفری نے پاک فوج میں بھی خدمات انجام دیں اور میجرکے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ایوب خان نے انہیں پاکستان میں رہنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ میجر جیفری کو ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز بھی نوازا گیا۔ملکہ برطانیہ کی طرف سے انہیں تعلیم اور انسانی خدمات کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے کے صلے میں تمغے سے نوازا تھا،پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے میجر جیفری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم استاد اور انسان سے محروم ہو گیا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اپنے استاد میجر جیفرے ڈوگلس کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا۔ جیفرے ڈوگلس نہ صرف ٹیچر تھے بلکہ انہوں نے میرے اندر پاکستان کے شمالی علاقہ جات کیلئے آگاہی اور محبت پیداکی۔ یہ قرا قرم ہائی وے کے بننے سے پہلے کی بات ہے۔ وزیراعظم نے اس پیغام کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئرکی جو جیفرے ڈوگلس اور ساتھ طالب علموں کا گروپ فوٹو ہے۔ اس میں عمران خان بھی موجود ہیں۔ اس وقت ان کی عمر 12 سال تھی۔

ای پیپر دی نیشن