جھنگ+گوجرانوالہ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) لورالائی میں شہید ہونے والا حوالدار نقشب مرتضیٰ شہید کی نماز جنازہ گوجرانوالہ ، صوبیدار میجر منورحسین کی نماز جنازہ جھنگ میں ادا کردی گئی۔ جہاں شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا۔اقبال نگرکے منورحسین پاک آرمی 49فیلڈ میں بطورصوبیدارمیجرفرائض سرانجام دے رہے تھے۔شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر جھنگ لایا گیا جہاں پر شفقت شہید گرائونڈ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ قائد اہلسنت والجماعت مولانا محمد احمد لدھیانوی نے پڑھائی۔ ڈی پی او عطاء الرحمان ڈی، ایس پی سیف اللہ بھٹی ،ضلعی افسران و ملازمین،تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعدازاں شہید کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی قبر ستان سلطان شاہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت/قرآن خوانی کل 4جنوری بروز جمعہ دو بجے دوپہر محلہ فارقیہ میں ہوگی ۔گوجرانوالہ میں لورالائی میں شہید ہونیوالے فوجی جوان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں ،شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق کلر آبادی کا رہائشی پاک فوج میں حوالدار نقشب مرتضیٰ شہید کی نماز جنازہ محلہ رسول نگر کی گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی، شہید نقشب کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔ اس موقع پر نقشب کے ورثاء کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ انکا بیٹا وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوا ہے۔