سرگودھا(نامہ نگار) دیرینہ دشمنی پر اندھادھند فائرنگ کرکے یو سی چیئرمین کو گھر کے سامنے قتل کردیا، ملزمان فرار، نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ چک نمبر 40شمالی میں چیئرمین یونین کونسل نمبر 90کے چیئرمین اکرم گجر کو گھر کے باہر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ معلوم ہو اکہ اکرم گجر کی علاقہ کے فیاض چیمہ سے دشمنی تھی، اکرم گجر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھتے تھے ،ملزم فیاض چیمہ کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے تاہم پولیس کے مطابق یہ قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔اکرم گجر نے قریب ہی ہائوسنگ سوسائٹی بنا رکھی تھی ،دستاویزات لینے وہ 40چک میں واقع اپنے گھر آئے، دستاویزات لے کر نکل رہے تھے گھر کے سامنے کار میں بیٹھے ملزم نے انہیں کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئے، قتل کی بہیمانہ واردات کی اطلاع ملنے پر تھانہ سیٹلائٹ ٹائون پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی۔