حکومت ناکام ہوگئی‘قوم مایوسی کاشکار ہے:مسلم لیگ (ن) کادعویٰ

کراچی(سٹی ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی تنظیم نو کے لئے بنائی گئی ایڈوائزری کمیٹی کے رکن علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر گذرتے دن کے ساتھ عوامی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک بھر میں سی این جی کا بحران ہے لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے۔ مہنگائی نے متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ غریب پاکستانیوں کے پاس خودکشی آخری آپشن رہ گیا ہے لیکن نا اہل، نکمے حکمران صبح شام احتساب کا راگ الاپنے میں مصر وف ہیں۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر آن پہنچی ہے صنعتیں بند ہورہی ہیں مزدور طبقہ بے روزگار ہو رہا ہے کسان بد حال اور سرکاری ملازم بے حال ہو رہے ہیں ۔ قوم تاریخ کی بد ترین مایوس کن صورتحال کا شکار ہوچکی ہے ٹھریک انصاف کی وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کے کسی ایک مسئلے کے حل میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سابق ڈویژن صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ عوام مسلط حکمرانوں سے مایوس ہوچکے ہیں۔ جمہوریت کی بجائے انتقامی سیاست نے نظام مملکت کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ تبدیلی کے نام پر قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا گیا ہے۔ غیر یقینی حالات میںگھری ہوئی تحریک انصاف کی قیادت اندھیرے میں ہاتھ پائوں مار رہی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کی آڑ میں تجوریاں بھری جا رہی ہیں عام شہری کو چھت سے محروم کیا جا رہا ہے۔ روزگار چھینے جا رہے ہیں لیکن حکمران مسلسل سب اچھا کی رٹ لگا کر قوم کے ساتھ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ملک کے حالات کی درستگی کی طرف فوری توجہ نہ دی گئی تو انارکی پھیلنے کا خدشہ پے۔ عوام میں تیزی سے بڑھتی بے چینی اور ملکی معیشت کی دگرگوں صورتحال کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے جو پاکستان جیسے حساس ملک کے لئے کسی طور اچھا نہیں ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) موجودہ حالات میں فوری تبدیلی کے لئے ملک کی تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ رابطوں کے بعد مسلط حکمرانوں سے نجات کے لئے اپنے قومی فریضہ ادا کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن