کراچی(نوائے وقت رپورٹ)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے مـحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امریکہ نے دنیا میں اسلام فوبیا فضا پیدا کر کے لوگوں میں ایک کشمکش کی صورتحال پیدا کردی ہے، عراق ، کشمیر سے لیکر افغانستان میں انسانیت کا قتل عام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ دین بیزار لوگوں کو ہر جگہ مسلط کیا جارہا ہے ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، اسلام و پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہیں۔ اسلام ایک پر امن اور احترام انسانیت کا درس دینے والا دین ہے جس میں نفرت اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام کے اسی پیغام کو آج اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ صورتحال میں جماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیمات کے کارکنان پر پہلے سے زیادہ ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں کہ وہ نظریہ پاکستان کی حفاظت اور اسلام کے آفاقی پیغام کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن اور امن و سکون کا گہوارہ بن سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزتبلیغ اسلام حیدرآباد میں جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے برادر تنظیمات کے اجلاس سے بھی الگ خطاب کیا۔ جس میں این ایل ایف ، جے آئی یوتھ، جمعیت طلبہ عربیہ، الخدمت،بزنس فورم،اتحادالعلمائ، تنظیم اساتذہ و دیگر کے ذمہ داران نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ امیر ضلع حیدرآباد انجینئر حافظ طاہر مجید و دیگر ذمہ داران بھی ہمراہ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام اور کرپٹ لوگوں کی بجائے دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والے افراد کو اقتدار میں لایا جائے جہ ملک و قوم کی خدمت اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پورا کریں۔