لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان میں دسمبر 2018 میں ایک ہزار ایک سو تیس (1,130) نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ رجسٹریشن کی یہ تعداد گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں تینتیس فیصد زائد ہے۔ اس نئی رجسٹریشن کے ساتھ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 94,205 ہو گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے رجسٹریشن کے عمل کع آسان بنانے، سہولت ڈیسک کے اجرااور رجسٹریشن کی فیسوں میں کمی اور سرمایہ کاروں کو فراہم کی گئیں دیگر اصلاحات رجسٹریشن کے رجحان میں اضافے کا باعث بنیں۔ دسمبر کے دوران رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں چوہتر(74) فیصد کمپنیاں بطور پرائیوٹ لمیٹڈ رجسٹر ہوئیں جبکہ چوبیس (24) فیصد سنگل ممبر کمپنیز جبکہ دو فیصد غیر منافع بخش، غیر ملکی کمپنیاں اور لمیٹڈ لائیبیلٹی پارٹنرشپ کے طور پر رجسٹر ہوئیں۔